Headlines
ہیڈلائینز
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نقشہ جات کی منظوری اور کنورژن فیسوں کے حوالے سے کیسز پیش کیے گئے۔ اجلاس میں قواعد و ضوابط اور تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان کیسز میں سے جو قواعد و ضوابط پر پورا اترتے تھے، ان کی منظوری دی گئی، جبکہ مزید وضاحت کے لیے کچھ درخواستوں کو موخر کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گجرات کے ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ہے، اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نقشہ جات اور کنورژن فیسوں کی منظوری سے پہلے تمام قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ پارکنگ کی مناسب جگہ فراہم کیے بغیر کوئی نقشہ منظور نہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کو ایک مؤثر فورم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فورم کو تمام ممبران کی مشاورت سے مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ مستقبل کی منصوبہ بندی میں شفافیت اور بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کمیٹی کے تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ آزادانہ طور پر اپنی آراء دیں تاکہ بہترین فیصلے کیے جا سکیں۔ اجلاس میں میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران کے علاوہ ٹریفک پولیس، ہائی ویز، بلڈنگ، ہاؤسنگ، ماحولیات، اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی ترقی اور کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔