وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی زیر قیادت ضلع بھر میں 20، 21 اور 22 نومبر کو تین روزہ ہیلتھ ویک کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی گجرت صفدر حسین ورک نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا کے ہمراہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کنجاہ میں اس اہم مہم کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایات پر تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے افسران نے اپنے اپنے علاقوں کے اسپتالوں میں ہیلتھ ویک کا افتتاح کیا اور کیمپس میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ضلع کے تمام ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی اور بی ایچ یوز پر خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں عوام کو مفت اسکریننگ ٹیسٹ، ادویات اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد عوام کو بڑی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور ان کا مفت علاج فراہم کرنا ہے تاکہ صحت کے میدان میں معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا نے مختلف مراکز صحت کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام عملے کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ کیمپ کے دوران ہر مرکز پر خاص کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو سہولت مہیا ہو سکے اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور لوگوں کی سکریننگ کی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مشن عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے، اور یہ کیمپ عوام کی فلاح کے لیے اہم اقدام ثابت ہوں گے۔ انہوں نے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے صحت دوست مختلف پروگرامز بارے تفصیلات بتائیں اور کہا ہے کہ عوام کو صحت مند اور خوشحال زندگی فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔