وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر "ستھرا پنجاب پروگرام" کے تحت گجرات اور کھاریاں میں صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کیا گیا ہے۔ ظہور الہیٰ سٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک اور سی ای او آرار چوہدری ہمایوں سرور نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ آرار کا افتتاح کیا۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے تقریب کے دوران کہا کہ صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نظام گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو اب گجرات اور کھاریاں کی شہری اور دیہی یونین کونسلز میں صفائی کی مکمل ذمہ داری سنبھالے گی۔ اس نئے نظام کے تحت علاقے کی صفائی کو موثر اور جدید طرز پر چلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔گجرات اور کھاریاں میں صفائی کو بہتر بنانے کے لیے 2000 ملازمین اور 300 سے زائد ہیوی مشینری تعینات کی جا چکی ہیں۔ کمشنر نے بتایا کہ اس منصوبے کا دائرہ کار 123 یونین کونسلز تک پھیلا ہوا ہے، جہاں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی مہم جاری رکھی جائے گی۔ جدید مشینری کا استعمال صفائی کی کارکردگی کو مزید بہتر اور تیز تر بنائے گا۔کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو آوٹ سورس کرنے سے بلدیاتی اداروں پر بوجھ کم ہوگا اور صفائی کے نظام کو مزید منظم اور موثر بنایا جا سکے گا۔ نجی کمپنی آرار تحصیل گجرات اور کھاریاں میں جبکہ ایمپیریل لمیٹڈ تحصیل سرائے عالمگیر میں صفائی کی خدمات فراہم کریں گی۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا "ستھرا پنجاب پروگرام" ایک کامیاب اور موثر پروگرام ثابت ہوگا، جس کے تحت شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ صفائی کے نظام کو روزانہ کی بنیاد پر بہتر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔کمشنر نے بتایا کہ مستقبل میں صفائی کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اضافی وسائل فراہم کیے جائیں گے اور ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔ جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کا استعمال صفائی کی کارکردگی میں مزید اضافہ کرے گا تاکہ گجرات اور کھاریاں کے شہریوں کو بہترین صفائی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم منصوبے میں بھرپور تعاون کریں اور صفائی کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔