وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی دفاتر میں پبلک ڈیلنگ اوقات پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت پبلک ڈیلنگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ عوام کے مسائل بروقت حل کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک اپنے دفاتر میں موجود رہیں اور شہریوں کی شکایات اور مسائل سنیں۔ اس دوران کسی بھی اجلاس، فیلڈ وزٹ یا دیگر مصروفیات کو معطل رکھا جائے گا تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید کہا کہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے مقررہ اوقات میں متعلقہ دفاتر سے رجوع کریں۔ اگر کسی افسر کی غیر موجودگی یا مسئلہ حل نہ ہونے کی شکایت موصول ہوئی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ مقررہ اوقات میں دفاتر آئیں تاکہ ان کے مسائل جلد از جلد حل کیے جاسکیں اور انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا مکمل فائدہ اٹھایا جا سکے۔