Headlines
ہیڈلائینز
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ ضلع گجرات کے ماسٹر پلان اور کلاسیفیکیشن پر کام جاری ہے۔ اربن ایریاز، رورل ایریاز، روڈز اور زمین کے استعمال سے متعلق پلان مرتب کیا جا رہا ہے۔ ماسٹر پلان کی بدولت مستقبل میں ڈویلپمنٹ، روڈز کے ذریعے دوسرے اضلاع و شہروں سے روابط، اور نئے شہروں اور ہاؤسنگ اسکیموں کے قیام میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لینڈ کلاسیفیکیشن ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نیسپاک، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ نیسپاک کی ٹیم کی جانب سے ماسٹر پلان کی اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ اجلاس میں تعمیر و ترقی اور مستقبل کے منصوبہ جات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ کسی بھی شہر کی مستقبل کی تعمیر و ترقی کے لیے جامع پلاننگ اور حکمت عملی تیار کرنا ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کی تمام ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے، جس سے نئے منصوبوں کا آغاز، اراضی کے مؤثر استعمال اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے بہتر طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔