Headlines
ہیڈلائینز
چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ برائے ایوالیوایشن، فیڈ بیک، انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کے ہمراہ گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جیولری ایکسپو اور ڈرائیونگ ٹیسٹ سینٹر کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک، ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سکندر اشفاق رضی، حاجی ناصر محمود و دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرپرسن بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات گولڈن ٹرائی اینگل کا حصہ ہے اور یہاں کی انڈسٹری زر مبادلہ کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ گجرات کی تاجر برادری محنت اور لگن سے کام کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ جیولری نمائش کا انعقاد گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ایک بہترین اقدام ہے، جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔ نمائشیں کاروبار کی تشہیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔چیئرپرسن نے جیولری نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے فن پاروں کا مشاہدہ کیا۔ قبل ازیں، انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ڈرائیونگ ٹیسٹ سینٹر کا افتتاح کیا اور کہا کہ اس سینٹر کے قیام سے گجرات چیمبر آف کامرس کے ممبران اور کاروباری حضرات کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی ہوگی، بعدازاں انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروباری افراد کے مسائل سنے اور انکے حل کے لیے عملی اقدامات کا اعادہ کیا۔