Headlines
ہیڈلائینز
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کے ہمراہ گجرات کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے رام طلائی چوک، جی ٹی ایس چوک، فوارہ چوک، کورٹ روڈ ڈمپنگ سائٹس کا دورہ کیا اور عید الاضحیٰ کے موقع پر جاری صفائی آپریشن، آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر صفدر ورک نے تمام تر انتظامات بارے بریفنگ دی، ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو خضر حیات بھٹی ، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر سی او ضلع کونسل ملک ابرار اس موقع پر موجود تھے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبہ بھر میں کام ہوتا دکھائی دے رہا ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، صوبائی، ڈویژن اور ضلع سطح پر کنٹرول قائم کئے گئے ہیں، تمام تر معاملات کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے، ضلع انتظامیہ کے ساتھ بلدیاتی اداروں کے افسران و اہلکار فیلڈ میں متحرک ہیں، اور آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جارہا ہے، صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی، آخری آلائش ٹھکانے لگانے تک صفائی آپریشن جاری رہے گا ، شہریوں کی سہولت کے لیے 32 لاکھ ماحول دوست بیگز شہریوں میں تقسیم کئے گئے ہیں، صوبہ بھر میں میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے کولیکشن پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، شہری ماحول اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور قریبی کولیکشن پوائنٹس پر آلائشوں کو پہنچائیں، شکایات کی صورت میں شہری متعلقہ میونسپل کمیٹی کے کنٹرول روم کے نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جارہا ہے، صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر صفدر ورک اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔