Headlines
ہیڈلائینز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات کے مطابق صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب خواجہ عمران نذیر ، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، صدر سٹی گجرات مسلم لیگ (ق) علی ابرار جوڑانے گجرات کے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا رات گئے دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے گزشتہ روز ہسپتال حادثے میں زخمی ہونیوالے افراد میں امدادی چیک تقسیم کیے، مریضوں کو وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے اور انکا حال احوال دریافت کیا۔ تفصیلات کے مطابق ہسپتال حادثے میں وفات پانے والی خاتون رضیہ بی بی جنکا تعلق ضلع منڈی بہاؤدین سے ہے انکے لواحقین کو پنجاب حکومت کی جانب سے پچیس لاکھ روپے کا چیک، جبکہ شدید زخمی ہونےوالے افراد کو دس لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے گیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایاز ناصر، اسسٹنٹ کمشنر گجرات حیدر عباس، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید غمخوار حسین شاہ، اور دیگر افسران موجود تھے۔ہسپتال دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے سول ہسپتال کا معائنہ بھی کیا۔ انکا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں طبی خدمات کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔