ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے انسداد پولیو کے اجلاس میں کہا ہے کہ ضلع گجرات میں پولیو مہم 26 فروری تا 28 فروری تک چلائی جائے گی
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے انسداد پولیو کے اجلاس میں کہا ہے کہ ضلع گجرات میں پولیو مہم 26 فروری تا 28 فروری تک چلائی جائے گی، جبکہ 29 فروری اور1 مارچ کو دو دن فالو اپ مہم ہوگی، اس سلسلہ میں تمام تر تیاریوں کو حتمی دے دی گئی ہے، مہم کے دوران 5 سال تک عمر کے 5 لاکھ 14 ہزار982بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دئیے جائیں گے، انسداد پولیو کو کامیاب بنانے کے لئے مائیکرو پلان تشکیل دیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر محمد اکمل ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈی ایچ او ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ،ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر ،ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر آصف محمود، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف سلطان،چیف افسران میونسپل کمیٹز اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی صفدر حسین ورک نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے موبائل اور فکسڈ ٹیموں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے،5156 اہلکار پولیو مہم میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے،2208 موبائل ٹیمیں،122 فکسڈ ٹیمیں جبکہ 33 ٹرانزنٹس پوائنٹس قائم کیے جائیں گے،والدین اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پو لیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں، پولیو ٹیم نہ پہنچنے کی صورت میں قریبی محکمہ صحت کے مرکز سے رابطہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کا حل پولیو ویکسین ہے، والدین گھر آئی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں انہوں نے کہا کہ پولیو کے ہدف کوسو فیصد یقینی بنایا جائے، پولیو مہم کے دوران غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پولیو ٹیموں کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے گی