ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ نے جلالپور جٹاں کا دورہ کیا اور نواحی علاقہ محمود آباد سمیت قریبی دیہات میں بارشوں کے پانی کا نکاس
ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ نے جلالپور جٹاں کا دورہ کیا اور نواحی علاقہ محمود آباد سمیت قریبی دیہات میں بارشوں کے پانی کا نکاس نہ ہونے سے مکینوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور نکاسی آب کے حوالے سے رکاوٹوں کو فوری ہٹانے کیلئے احکامات جاری کئے، اسسٹنٹ کمشنر خضر حیات، سابق تحصیل ناظم گجرات چوہدری سعادت نواز اجنالہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ کو علاقہ کے مکینوں نے شکایت کی تھی کہ سیوریج ڈرین کی پلیاں بند ہونے سے علاقہ سے نکاسی آب کا نظام خراب ہو چکا ہے اور حالیہ بارشوں کے پانی کے باعث فصلوں کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے صورتحال کا فوری نوٹس لیا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کو بند پلیا ں فوری کھولنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ علاقہ سے سیوریج اور بارشوں کے پانی کے نکاس کے لئے ڈرین کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیار کیا جائے جسے منظوری کے لئے حکومت پنجاب کو بھجوایا جائے گا، پراجیکٹ سے علاقہ کے مکینوں کو نکاسی آب کے مسائل سے مستقل نجات مل سکے گی۔ دریں اثناء محمودا ٓباد کے مکینوں نے نکاسی آب کے مسائل کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لینے پر حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔