میونسپل کارپوریشن شہر کی دو اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمہ، صفائی اور نالوں کی ڈی سلٹنگ کیلئے آپریشن کریگی،
میونسپل کارپوریشن شہر کی دو اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمہ، صفائی اور نالوں کی ڈی سلٹنگ کیلئے آپریشن کریگی، دوسری طرف لالہ موسیٰ میں اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ نے مین بازار میں کاروائی کے دوران بڑی تعداد میں عارضی اور پختہ تجاوزات ختم کردیں۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق اہم شاہراہوں اور کاروباری مراکز سے تجاوزات کے خاتمہ، نکاسی آب اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے میونسپل کارپوریشن نے ہفتہ وار پروگرام ترتیب دیا ہے جس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر /ایڈمنسٹریٹر سیف انور جپہ، چیف آفیسر محمد اشفاق کے ہمراہ خود فیلڈ میں موجود رہے اور افسران و عملہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات ہر جمعہ کے روز ایک مخصوص روڈ یا علاقہ کا انتخاب کرکے صفائی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کاروائی کریگی، گجرات میں سب سے پہلے اولڈ جی ٹی روڈ اور رحمان شہید روڈ کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں میونسپل کارپوریشن گجرات کا سپیشل گینگ سڑکوں کے اطراف نالوں کی ڈی سلٹنگ کریگا، یہاں موجود کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگایا جائے گا اور سڑکوں کے اطراف تجاوزات کا بلا تفریق خاتمہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ کیطرف سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ چیف آفیسر تنویر عباس نے بتایا کہ گزشتہ روز مین بازار لالہ موسیٰ میں کامیاب کاروائی کی گئی تاہم مین بازار میں آج بھی ایکشن جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل میونسپل کمیٹی روڈ کا علاقہ کلیئر کرایا جا چکا ہے اور سروس روڈ پر لنڈ ا بازار سمیت بڑی تعداد میں تجاوزات بھی ختم کی جاچکی ہیں۔